عمران خان حکومت نے 20ہزارارب روپے کا قرضہ لیا 

لندن:وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے پونے چار سال میں 20ہزار ارب روپے کا قرض لیا ہے۔

 جو قرض 71سال میں لیاقت علی خان سے لے کر جسٹس (ر)ناصر الملک تک لیا گیا تھا اس کا 80فیصد عمران خان حکومت نے پونے چار سال میں لیا ہے۔

 ٹیکس ٹوجی ڈی پی اتنا بھی ابھی تک اکٹھا نہیں کیا جتنا ہم چھوڑ کر گئے تھے، اخراجات بڑھ گئے، آئی ایم ایف سے پی ٹی آئی حکومت نے جو وعدے لکھ کر کئے تھے وہ سارے وعدے توڑے ہیں، کچھ جان بوجھ کر توڑے ہیں اورکچھ نااہلی کی وجہ سے توڑے ہیں۔

 ان خیالات کااظہار ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیر میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کے لئے پہنچنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ان کا نام تین سال ای سی ایل میں شامل کئے رکھا، آج اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ای سی ایل سے نکلا ہوں تو امریکہ جارہا ہوں تومیں نے سوچا کہ پہلے میاں صاحب کو سلام کریں، یہ سارے مسلم لیگیوں کے لئے خوشی کے دن ہیں اور میرے لئے تو خاص طور پر بہت خوشی کی بات ہے۔

 مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی اس وقت دنیا میں ارجنٹینا اور ترکی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔