آئی ایم ایف مذاکرات : ڈالر کی اڑان میں ٹھرائو

کراچی: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعطل کا شکار بیل آؤٹ پروگرام کی بحالی کی خبروں کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ایک ہفتے سے جاری ڈالر کی پرواز پیر کو دوبارہ رک گئی۔

کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی ڈالر کے انٹربینک ریٹ 186 روپے سے نیچے آگئے تھے لیکن درآمدی شعبوں کی ڈیمانڈ برقرار رہنے سے ڈالر کا انٹربینک ریٹ دوبارہ 186روپے عبور کرگیا۔

اس طرح سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 69پیسے کی کمی سے 186.05روپے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر  کی قدر 50پیسے کی کمی سے 187روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے قرض پروگرام کو مزید 9ماہ کی توسیع دینے کے عندیہ کی وجہ سے ایکسپورٹرز نے کاروبار کے ابتدائی دورانیے میں اپنی برآمدی آمدنی کی صورت میں موصول ڈالر بھنانا شروع کردیئے تھے جس سے مارکیٹ میں ڈالر کی رسد بھی بڑھ گئی تھی جو ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کو دوبارہ تگڑا کرنے کا سبب بنی۔