شاہد آفریدی نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحالی کی حمایت کردی

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ کو خود مختار ہونا چاہیے۔

 صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں میگا اسٹار لیگ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کو خود مختار ہونا چاہیے، معاملات کو اسلام آباد تک نہیں جانا چاہیے، جو بھی سسٹم بنے اس کو چلنے کا موقع ملنا ضروری ہے۔

انہوں ںے کہا کہ ایسا نظام چاہتے ہیں جس سے پاکستان کرکٹ کا سسٹم چلتا رہے، میگا اسٹار لیگ ستمبر کے وسط میں راولپنڈی میں ہوگی، لیگ میں چھے ٹیمیں حصہ لیں گی۔

سابق کپتان کا مؤقف ہے کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو تمام کھلاڑی مِس کررہے ہیں، اس لیگ کو جوائن کرنے کا مقصد بھی یہ ہے کہ مالی مسائل سے پریشان کھلاڑیوں اور صحافیوں کی بھی مدد کی جاسکے، اس لیگ میں سب شعبوں کے لیے فنڈز مختص کررہے ہیں۔