رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو3۔4 فیصد رہنے کا امکان

جنوبی ایشیاء کی معاشی صورتحال پرعالمی بینک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان خطے میں  نیپال اور سری لنکا سے بہتر،تاہم باقی ممالک جی ڈی پی گروتھ میں  پاکستان سے آگے ہیں۔

عالمی بینک  نے جنوبی ایشیاء کی معاشی صورتحال پر رپورٹ جاری کی ہے،جس میں  اگلے سال پاکستان میں جی ڈی پی گروتھ 4 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ مطابق  پاکستان خطے میں  نیپال اور سری لنکا سے بہتر،تاہم باقی ممالک جی ڈی پی گروتھ میں  پاکستان سے آگے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی شرح نمو 5.6 فیصد رہی تھی۔

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں توانائی شعبے میں سبسڈی سب سے بڑا چیلنج ہے، توانائی شعبے میں سبسڈی سب سے زیادہ ہے۔

عالمی بینک کی رپورٹ پاکستان ڈویلپمنٹ اپ ڈیٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے عمل کوآگے بڑھانے پرزوردیاگیاہے،ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے نتیجہ میں نہ صرف محصولات میں اضافہ ہوگابلکہ برآمدی مسابقت بھی بڑھے گی۔

محصولات اور برآمدی مسابقت میں اضافہ سے کلی معیشت کے طویل المعیاد استحکام اوراقتصادی ترقی کوفروغ دیا جاسکتاہے، رپورٹ میں بڑی صنعتوں اورزرعی پیداوار میں اضافہ کا ذکر بھی کیاگیاہے۔

بتایا گیاہے کہ دسمبرسے یوریا کی کھپت کم ہوگئی ہے،جس سے گندم کی پیداوارپرمنفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، اسی طرح کاٹن کی پیداوارکا10.5  ملین گانٹھوں کاہدف کوپوراکرنا بھی مشکل ہوگا۔گزشتہ سال جولائی سے لیکراب تک معاشی سرگرمیاں سرعت رفتارہیں۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں توانائی کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے پاکستان میں اوسط مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہواہے جبکہ حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں اضافہ ہواہے جس سے بیرونی پائیداریت کیلئے خدشات اورپاکستانی کرنسی پردباؤمیں اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق افراط زرمیں 10.7 فیصدکی شرح سے اوسط اضافہ کاتخمینہ ہے۔ ترقیاتی اخراجات اوربجلی وگیس پرسبسڈیزکی وجہ سے جاری مالی سال میں جی ڈی پی کے تناسب سے مالیاتی خسارہ 6.3 فیصد تک رہنے کاامکان ہے تاہم محصولات میں اضافہ اورجنرل سیلزٹیکس کوہم آہنگ کرانے سے اس میں بتدریج کمی آسکتی ہے۔

عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے باعث جنوبی ایشیاء میں معاشی شرح نمو سست روی کا شکار ہے۔ اس سال جنوبی ایشیاء میں گروتھ 6.6 فیصد جبکہ اگلے سال 6.3 فیصد تک رہے گی۔

اس سال بھارت میں 8 فیصد، بنگلہ دیش  میں 6.4 فیصد اور مالدیپ میں 7.6 فیصد  گروتھ رہے گی۔

نیپال میں شرح نمو 3.7 فیصد، بھوٹان میں 4.4 فیصد اور سری لنکا میں 2.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔