پی سی بی کا پہلی پاکستان جونیئر لیگ کی تاریخ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسپانسرز اور پارٹنرز کی جانب سے پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) میں بھرپور دلچسپی ظاہر کرنے کے بعد رواں برس کے اختتام پر پہلی جونیئر لیگ کرانے کا اعلان کردیا۔

پی سی بی نے ابتدائی طور پر رواں ماہ کے آغاز میں ملک میں منفرد طرز کی کرکٹ لیگ کرانے کا اعلان کیا تھا مگر اب اسپانسرز اور پارٹنرز کی دلچسپی کے بعد کرکٹ بورڈ نے لیگ کی تفصیلات بھی جاری کردیں۔

پی سی بی کے مطابق 6 شہروں سے منسوب فرنچائز ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ یکم سے 15 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا اور ایونٹ میں مجموعی طور پر 19 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان جونیئر لیگ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹنگ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، ہر ڈریسنگ روم میں ایک شہرہ آفاق کرکٹر بحیثیت مینٹور یا کوچ موجود رہے گا۔