ہونڈا گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ 

 کراچی:اپنی مدمقابل کمپنی انڈس موٹر کمپنی کی طرح ہونڈا اٹلس نے بھی پانچ ہفتوں کے دوران دوسری مرتبہ گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔

کمپنی نے گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک لاکھ 70 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا ہے جبکہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ روپے کی قدر میں کمی کو قرار دیا گیا ہے۔

30 اپریل 2022 کو ڈیلرز کو لکھے گئے اپنے خط میں کمپنی نے کہا ہے کہ ایکسچینج ریٹ میں مزید اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی اس اثر کو مارکیٹ پر منتقل کرنے پر مجبور ہے۔

کمپنی کے اعلان کے مطابق گاڑیوں کی نئی قیمتیں یکم مئی 2022 سے لاگو ہوں گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ '30 اپریل 2022 تک مکمل بیک آرڈر' سابقہ ریٹیل قیمتوں پر فراہم کیے جائیں گے۔

مختلف گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک لاکھ 35 ہزار سے ایک لاکھ 70 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے،سب سے زیادہ اضافہ بی آر،وی سی وی ٹی گاڑی کی قیمت میں دیکھا گیا جس کی قیمت 40 لاکھ 79 ہزار روپے سے بڑھ کر 42 لاکھ 49 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔

سٹی بیس ویریئنٹ ایم ٹی 1.2 ایل کی قیمت 31 لاکھ 29 ہزار روپے سے بڑھ کر 32 لاکھ 64 ہزار روپے ہوگئی، اس گاڑی کی قیمت میں 1 لاکھ 35 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح سٹی سی وی ٹی 1.2 ایل اور سی وی ٹی 1.5 ایل گاڑیوں کی قیمتوں میں بالترتیب ایک لاکھ 40 ہزار روپے اور ایک 43 ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

مارچ میں جب ہونڈا نے قیمتوں پر نظر ثانی کا اعلان کیا تھا کہ اس وقت روپے کی قدر امریکی ڈالر کے مقابلے میں 182 کی سطح کے قریب تھی۔

ایک ماہ بعد روپیہ ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 186 تک کمزور ہو گیا جو 181.55 تک آنے سے پہلے 188 کو بھی پار کر چکا تھا، تاہم گزشتہ دو ہفتوں کے دوران روپے کی قدر میں 2.2 فیصد کمی ہوئی ہے،پاکستان میں کئی سالوں سے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی بڑی وجہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی ہوئی قدر کو قرار دیا جاتا ہے۔