عمران حکومت نے عوام کیلئے معاشی کھڈے کھودے،جسے اب ہم نے بھرنا ہے: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے قول و فعل میں تضاد ہے، سابق حکومت نے ملک کیلئے معاشی مشکلات پیدا کیں۔ صرف پٹرول کی مد میں ہرماہ حکومت کو102 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ عمران کےآئی ایم ایف معاہدے کےمطابق پٹرول کی قیمت 245 روپے فی لیٹر ہونا چاہئے تھی، لیکن ہم کوشش کریں گے کہ پٹرول کی قیمتیں برقرار رہیں۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کے قول و فعل میں فرق ہے، سابق حکومت نے عوام کیلئے معاشی کھڈے کھودے ہیں اور سارا بوجھ ہم پر نہیں ڈائریکٹ عوام پر ڈالا ہے، پٹرول کی مد میں ہرماہ حکومت کو 102 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، عمران خان کےآئی ایم ایف معاہدے کےمطابق پٹرول کی قیمت 245 روپے فی لیٹر ہوناچاہئے تھی، لیکن ہم کوشش کریں گے کہ پٹرول کی قیمتیں برقرار رہیں، پیٹرول کی قیمت میں جتنا ہو سکے سبسڈی دیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اس ماہ میں نقصان کا حجم 102ارب روپے ہے، صرف ڈیزل پر پاکستان کو 70 ارب روپے نقصان ہو رہا ہے،  وزارت خزانہ کے پاس مخصوص رقم ہوتی ہے، پوری حکومت کا ماہانہ خرچہ 45ارب روپے ہے، حکو مت کو مارکیٹ سے قرض لینا پڑتا ہے، اگر ہم بینکوں سے قرض لیتے ہیں تو وہاں شرح سود بڑھ جاتے ہیں۔