حکومت نے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا 

لاہور:حکومت نے گاڑیوں کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا نوٹس لے لیا، تمام کار مینوفیکچرز اور اسمبلرز کو 10 مئی کو طلب کرلیاگیا۔

 وزارت صنعت و پیداوار نے ریگولیٹری کارروائی کا انتباہ بھی کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ گاڑیوں کی بے قابو ہوتی قیمتوں پر وزارت صنعت و پیداوار نے نوٹس لے کر تمام کار مینوفیکچرز اور اسمبلرز کو نوٹس جاری کرکے 10 مئی کو طلب کرلیا۔

وزارت نے مقامی طور پر تیار اور اسمبل شدہ گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کار مینوفیکچرز اور اسمبلرز سے قیمتوں میں اضافے کا قابل قبول جواز پیش کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے قانون کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔

وزارت صنعت و پیداوار نے گاڑیوں پر آنے والی لاگت کے سٹرکچر کی تفصیل بھی مانگ لی ہے۔