گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی مدت پوری، قائمقام کی تعیناتی 

 کراچی: حکومت نے مرکزی بینک  کے سربراہ رضا باقر کو تبدیل کر کے ان کی جگہ مرتضیٰ سید کو قائم مقام گورنر سٹیٹ بینک تعینات کردیا۔

رضا باقر نے 3 سالہ مدت پوری کر کے عہدہ چھوڑ دیا، حکومت نے مزید توسیع نہ دی، ان کی جگہ ڈاکٹر مرتضیٰ سید جو کہ آئی ایم ایف کا بھرپور تجربہ رکھتے ہیں اور نامور ماہر معاشیات ہیں اب گورنر سٹیٹ بینک کا عہدہ سنبھالیں گے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کی مدت ملازمت مکمل ہوگئی ہے، قانون کے مطابق نئی تعیناتی تک سینئر ترین ڈپٹی گورنر عہدہ سنبھالیں گے۔

انہوں نے لکھا کہ مرتضیٰ سید کا آئی ایم ایف کے ساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے، وہ ایک معروف ماہر معاشیات ہیں جو گورنر اسٹیٹ بینک کا عہدہ سنبھالیں گے۔

رضا باقر نے بطور گورنر سٹیٹ بینک مدت ملازمت مکمل ہونے پر کہاہے کہ میرا کردار رہنمائی کرنا اور آپ کے اندر چھپے نئے آئیڈیازکو منظر عام پر لانارہا۔

بطور گورنر اسٹیٹ بینک مدت ملازمت مکمل  ہونے پر رضا باقر نے کہا کہ الحمداللہ بطورگورنراسٹیٹ بینک 3 سالہ مدت مکمل کرلی، اللہ نے مجھے ملک کی خدمت کا موقع دیا، تمام ہم وطنوں،  خاص طورپر اوورسیز کو عوامی خدمت کی ترغیب دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے بطورگورنرکئی نئے اقدامات میں اسٹیٹ بینک کی سربراہی کی، پہلی مرتبہ کووڈ وبا میں ٹیرف اسکیم، پے رول پیکج اور اسپتال فنانسنگ فراہم کی، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے اوورسیزپاکستانیوں کو ملکی بینکنگ شعبے سے منسلک کیا، راست کے ذریعے پہلا مفت ادائیگیوں کا انتظام فراہم کیا، ڈیجیٹل بینکاری کا فریم ورک مہیا کیا۔