حکومت نے چینی کی برآمد پرپابندی لگادی

وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں چینی کا ذخیرہ اور قیمت مستحکم رکھنے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے چینی کی برآمد پر پابندی لگادی ہے۔

میڈیا ذرائع مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی جانب ملک میں چینی کا ذخیرہ اور قیمت مستحکم رکھنے کے لئے بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے چینی کی ایکسپورٹ پر پابندی لگا دی ہے اور ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی ضرورت کو پہلے پورا کرنا ہے، قیمت کو مستحکم کرنا ہے۔

وزیراعظم نے چینی کی برآمد پر پابندی کے ساتھ اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کا بھی حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے، وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو اپنے احکامات پر مؤثر عمل درآمد سے مسلسل آگاہ کرنے کی بھی  ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ غفلت اور کوتاہی ہوئی تو متعلقہ افسر اور عملے کو ذمہ دار ٹھہرائیں گے۔