پاکستان کا دورہ سری لنکا ٹیسٹ سیریز تک محدود

پاکستان کرکٹ ٹیم کا رواں برس جولائی اور اگست کے دوران کیا جانے والا دورہ سری لنکا محدود کر دیا گیا اور دونوں ٹیمیں اب جولائی میں صرف 2 ٹیسٹ میچز میں ہی مقابلہ کریں گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچوں کے ساتھ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنی تھی تاہم اسے اب ختم کر دیا گیا ہے اور دونوں ٹیمیں اب جولائی میں صرف 2 ٹیسٹ میچز میں ہی مقابلہ کریں گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی )کو ایک روزہ سیریز منسوخ کرنے کی درخواست کی تھی جو پی سی بی نے قبول کر لی۔

دورہ محدود کیے جانے کی وجہ سے متعلق بتایا جا رہا ہے کہ سری لنکا نے جولائی اور اگست میں لوکل ٹی ٹوئنٹی لیگ کا انعقاد کروانا ہے جس کے باعث ایک روزہ سیریز منسوخ کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق 3 میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز ورلڈ سپر لیگ کا حصہ نہیں تھی اس لیے پی سی بی نے بھی اسے ختم کرنے کے حوالے سے کسی قسم کے تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق سری لنکا ان دنوں سنگین معاشی اور سیاسی بحران کا شکار ہے جس سے وہاں کے عوام میں بے چینی بڑھ چکی، ہر روز حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی ہو رہے ہیں، ملک میں بجلی کی شدید قلت ہے اور صرف 12 گھنٹے ہی عوام کو فراہم کی جاتی ہے،ایسے میں وہاں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد بھی مشکوک نظر آتا ہے۔

آئندہ ماہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا ٹور طے ہے مگر اس پر بھی شکوک کے بادل چھا چکے،رواں ہفتے ہی اس حوالے سے کوئی فیصلہ سامنے آ سکتا ہے،پاکستان کرکٹ ٹیم جولائی میں سری لنکا جائے گی، اسے وہاں3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ کھیلنا تھے مگر ذرائع کے مطابق اب صرف ٹیسٹ میچز ہی ہوں گے۔

میزبان بورڈ نے اس حوالے سے پاکستان کو بھی اعتماد میں لے لیا ہے، اس حوالے سے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کے رابطے پر ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی سمیع الحسن برنی نے تصدیق کی کہ ون ڈے میچز اب نہیں کھیلے جائیں گے، سیریز صرف 2 ٹیسٹ پر ہی مشتمل ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ سری لنکن بورڈ اپنی لنکا پریمیئر لیگ شیڈول سے ایک ہفتے قبل شروع کرنا چاہتا ہے تاکہ مالی خسارہ کم کرسکے، چونکہ ون ڈے میچز آئی سی سی ورلڈکپ سپرلیگ کا حصہ نہیں تھے اس لیے ہم نے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا، انھوں نے کہا کہ سیریز کے حتمی شیڈول پر ابھی تبادلہ خیال ہو رہا ہے اور اسے جلد جاری کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق  پاکستان ٹیم کا ٹور تو ابھی کافی دور ہے اس لیے کوئی بات حتمی طور پر نہیں کی جا سکتی۔ البتہ سری لنکا میں مستقبل کی انٹرنیشنل کرکٹ کا انحصار آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورے پر ہے، اگر کینگروز آئندہ ماہ نہ آئے تو ایشیا کپ کی میزبانی بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔