حکومت کا عوام کیلئے ریلیف،یوٹیلیٹی اسٹورز پراشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی سمری  منظور کرتے ہوئے یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 800 روپے، فی کلو چینی کی قیمت 70 روپے مقرر کردی گئی۔ اجلاس نے ویجی ٹیبل گھی پر 180 روپے فی کلو سبسڈی دینے کی بھی منظوری دے دی۔

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس اسلام  آباد میں ہوا۔

ای سی سی نے ریلیف پیکیج کے تحت گندم اور چینی کی قیمتوں پر نظرثانی  کرتے ہوئے یوٹیلیٹی اسٹورز پر  آٹے اور چینی کی قیمتوں میں کمی کی سمری منظور کرلی۔

 اجلاس میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 950 روپے سے کم کرکے 800 روپے کرنے  جبکہ چینی کی  قیمت 85 روپے سے کم کرکے 70 روپے فی کلو کرنے کی منظوری دی گئی ۔ ای سی سی نے ویجی ٹیبل گھی پر 180 روپے فی کلو سبسڈی دینے کی بھی منظوری دیدی۔ 

 ای سی سی اجلاس میں گندم کی طلب اور رسد کا جائزہ لیا گیا اور پاسکو اور پنجاب کو اضافی گندم خریدنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق ملکی طلب کے مطابق 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دی گئی جبکہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری مؤخر کر دی گئی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم ریلیف پیکج 2020 کی مئی اور جون تک توسیع کی بھی منظوری دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق پاسکو نے 1.20 ملین میٹرک ٹن گندم خریداری اور محکمہ خوراک پنجاب نے 3.5 ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف حاصل کرلیا۔