ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی اسکواڈ میں تین اوپنرز، تین مڈل آرڈر بیٹرز، دو وکٹ کیپرز، تین اسپنرز اور پانچ فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ چونکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں، لہٰذا بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سیریز مینیجڈ انوائیرنمنٹ میں نہیں کھیلی جارہی، لہٰذا ضرورت پڑنے پر کھلاڑیوں کو مختصر وقت میں بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔ محمد نواز اور شاداب خان کے مکمل فٹ ہونے کی وجہ سے آصف آفریدی اور عثمان قادر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔


قومی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان اور محمد رضوان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد اور امام الحق بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان شیڈول سیریز کے ون ڈے میچز 8، 10 اور 12 جون کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

سیریز کے تربیتی کیمپ کے لیے قومی اسکواڈ یکم جون کو راولپنڈی میں رپورٹ کرے گا۔