پی ایس ایل 8کے میچز پشاور میں بھی کرائے جانے کا امکان

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)سیزن 8کے میچز پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم میں بھی کرائے جانے کا امکان ہے جبکہ پشاور زلمی نے میچز کی میزبانی کیلئے درخواست بھی جمع کرادی ہے 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹورنامنٹ کے اگلے ایڈیشن کے دوران میچوں کی میزبانی کے لیے پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم کو اوور ہال کرنے کے لیے پہل کی ہے۔

 پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے قذافی سٹیڈیم، لاہور میں لاہور قلندرز کے مداحوں کی حمایت کا مشاہدہ کرنے کے بعد پی ایس ایل فرنچائزز پر زور دیا کہ وہ اپنے میچز ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلیں۔

اس معاملے پر بات کرتے ہوئے پشاور زلمی کے ڈائریکٹر آف کرکٹنگ افیئرز محمد اکرم نے انکشاف کیا کہ زلمی فرنچائز پی ایس ایل 8 کے میچز کی میزبانی کی درخواست پہلے ہی دے چکی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی نے پی سی بی سے درخواست کی ہے کہ وہ پشاور میں پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے اور حکام سے ارباب نیاز سٹیڈیم کی تعمیر اور تزئین و آرائش کو جلد از جلد مکمل کرنے کو کہا۔

پشاور زلمی فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سٹیڈیم کی تعمیر کی پیشرفت شیئر کی۔

اس ٹویٹ نے شائقین کے جوش و خروش کو بڑھا دیا ہے کیونکہ وہ پی ایس ایل کے پشاور آنے پر اپنی ہوم ٹیم کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں۔