ڈالر کی قیمت میں 2 روپے کمی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔

حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے لیٹر تک کا بڑا اضافہ کیا ہے جس کے بعد  انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھنے  میں آرہی ہے۔

جمعرات کے روز کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ جاری رہا ہے اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر 202 روپے ایک  پیسے پر بند ہوا۔

جمعہ کے روز کاروبار کے آغازپر انٹربینک میں ڈالر کی قیمت  میں 2 روپے کمی دیکھی گئی جس سے ڈالر 200 روپے کا ہوگیا۔

دوسری جانب ڈالر کی قدر میں کمی کے بعد پاکستان  اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی جارہی ہے اور کاروبار کے دوران 100  انڈیکس میں 900سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 43 ہزار  پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔