ٹی ٹوئنٹی ویٹالیٹی بلاسٹ، محمد رضوان کی مسلسل دوسری نصف سنچری

لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر محمد رضوان نے ویٹالٹی بلاسٹ میں مسلسل دوسرے نصف سنچری اسکور کرڈالی۔

تفصیلات کے مطابق محمد رضوان کا دیار غیر میں بھی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، پہلی بار انگلش ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شریک ہونے والے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر نے اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

محمد رضوان نے ویٹالٹی بلاسٹ میں گلوسٹر شائر کے خلاف 43 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی، یہ دوسرے میچ میں ان کی مسلسل دوسری نصف سینچری ہے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے انگلینڈ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ویٹالیٹی بلاسٹ میں اپنے ڈیبیو کو یادگار بناتے ہوئے 81 رنز ناٹ آؤٹ کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کے مجموعے کو قابل قدر مجموعے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر کی ڈیبیو اننگز میں تین بلند وبالا چھکے اور چھ چوکے شامل تھے، اس کے ساتھ ہی ٹی ٹوئنٹی ویٹالیٹی بلاسٹ ڈیبیو پر سب سے بڑا اسکور کرنے والے پاکستانی بنے تھے۔

اس سے قبل عمر اکمل نے دو ہزار پندرہ میں لیسٹر شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ویٹالیٹی بلاسٹ ڈیبیو پر ناقابلِ شکست 76 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔