عماد وسیم کو ڈراپ کرنے کی وجہ سامنے آگئی

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آل راؤنڈر عماد وسیم کو اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کی وجہ بتادی۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اپنے بیان میں کہا کہ فٹنس مسائل کے باعث آل راؤنڈر عماد وسیم کی کارکردگی پر فرق پڑرہا ہے جس سے وہ پریشانی کا شکار ہیں جبکہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار بہت زیادہ ہے، یہی وجہ ہے کہ محمد نواز کو عماد وسیم پر ترجیح دی گئی۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ آل راؤنڈر کی کارکردگی کو یکھتے ہوئے محمد نواز ٹیم کے لیے بہترین آپشن تھے، ان کی فٹنس اور کارکردگی اس وقت اچھی جارہی ہے، عماد وسیم جلد فٹنس مسائل پر قابو پاکر اسکواڈ میں واپسی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

 دوسری جانب چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اوپنر شان مسعود کو مستقبل میں وائٹ بال کرکٹ اسکواڈ میں واپسی کا عندیہ دیا ہے جبکہ وہ اس وقت انگلش کاؤنٹی ٹی20 بلاسٹ میں ڈربی شائر فالکنز کی قیادت کر رہے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں  بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر بیٹر)، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر بیٹر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دہانی اور زاہد محمود شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 8، 10 اور 12 جون کو راولپنڈی میں 3 ون ڈے کھیلے جائیں گے جبکہ کیریبیئن ٹیم 5جون کو وطن پہنچے گی۔