ڈیرن سیمی کو ستارہ پاکستان ایوارڈ سے نواز دیا گیا

ویسٹ انڈیز اور پشاور زلمی کے سابق کپتان اور کوچ ڈیرن سیمی کو پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے پر ستارہ پاکستان ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور خدمات پر حکومت پاکستان نے گزشتہ سال ستارہ پاکستان دینے کا اعلان کیا تھا۔ ستارہ پاکستان کا اعزاز ڈیرن سیمی کو ان کے شہر میں موصول ہوا، ڈیرن سیمی نے شلوار قمیض زیب تن کرکے ستارہ پاکستان وصول کیا۔

اس موقع پر ڈیرن سیمی نے کہا یہ ستارہ پاکستان میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور میں بہت فخر محسوس کر رہا ہوں۔ ڈٰرن سیمی نے ایک بار پھر پاکستان سے محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ان کے گھر جیسا ہے۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ستارہ پاکستان پر ڈیرن سیمی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں ڈیرن سیمی کا کردار سنہری حروفوں میں یاد رکھا جائے گا۔