پی آئی اے نے حج کرایوں بارے اعلامیہ جاری کردیا

کراچی: قومی ایئر لائن نے حج آپریشن سے متعلق کرائے اور قوائد جاری کردیے جس کے تحت تمام کرایوں کی ادائیگیاں امریکی ڈالر کے مساوی پاکستانی کرنسی میں ہوگی جبکہ حکومتی حج پالیسی میں تاخیر کے سبب پہلی حج پرواز کی روانگی 4 جون کومتوقع ہے۔

پی آئی اے حکام کے مطابق حکومتی حج پالیسی میں تاخیر کے سبب پہلی پرواز 31 مئی کے بجائے اب متوقع طور پر4 جون کو روانہ ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پی آئی اے حکام کے پاس کوئی معلومات موجود نہیں ہے کہ کس شہر سے کتنے حجاج کرام روانہ ہوں گے جبکہ حج آپریشن کے لیے پی آئی اے کی جانب سے 297 پروازیں آپریٹ کی جائیگی۔

پی آئی اے حکام کے مطابق حج آپریشن نارتھ اورساوتھ ریجنز کے تحت ہوگا اس تناظرمیں دونوں ریجنز کے کرائے مقررکردیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ حج آپریشن کے تمام کرائے امریکی ڈالرز کے مساوی پاکستانی روپوں میں کرنا ہوگی۔

پی آئی اے کے مطابق کوئٹہ اور کراچی پر مشتمل ساوتھ ریجن سے پیک سیزن کم سے کم 810 ڈالر اور زیادہ سے زیادہ 1100 ڈالر کے مساوی کرایہ مقررکیا گیا ہےجبکہ لاہور، اسلام آباد، ملتان، پشاور پر مشتمل نارتھ سیکٹر کے لیے کم سے کم 860 ڈالرز جبکہ زیادہ سے زیادہ 1150 ڈالرز کے مساوی کرایہ مقررکیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ایگزیکٹواکانومی کلاس سے سفرکرنے والے حجاج کرام کو40 کلوگرام بیگیج اور7 کلوگرام ہینڈ کیری میں سامان لے جانے کی اجازت ہوگی جبکہ اکانومی کلاس سے سفر کرنے والے حجاج کرام کو35 کلوگرام بیگیج اور7 کلوگرام سامان ہینڈ کیری کی مد میں لے جانے کی اجازت ہوگی۔