سٹاک مارکیٹ میں مندی: ڈالر اور سونا مزید مہنگا

 کراچی: ملک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انٹر بینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 33 پیسے مہنگا ہوکر 197 روپے 92 پیسے پر بند ہوا۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 198 روپے پر برقرار  ہے۔ ادھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی آج منفی رجحان رہا اور کاروبار کے اختتام پر 100 انڈيکس 943 پوائنٹس کم ہوکر 41 ہزار 290 پر آگيا۔  

ادھربین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 11 ڈالر کے اضافے سے 1867ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعہ کو فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 500 روپے اور 429روپے کا اضافہ ہوگیا۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 139100 روپے ہوگئی اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 119256روپے ہوگئی۔

تاہم اسکے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1570روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1346.02 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔