پٹرول 25روپے فی لیٹر مزید مہنگا ہونے کی افواہ پر وفاقی وزیر خزانہ کا بیان آگیا

 اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع اضافے کے پیش نظر پٹرول پمپس پر رش لگ گیا تاہم وزیر خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تردید کردی ہے۔

 پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے پریشان عوام نے حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 25 روپے اضافے کی اطلاعات پر ایک مرتبہ پھر پیٹرول پمپس کا رخ کرلیا ہے۔

دوسری جانب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تردید کی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہآج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہورہا نہ ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا کوئی پلان ہے اور نہ ہی اضافے کی کوئی سمری موصول ہوئی ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی قیاس آرائیاں قطعی جھوٹ ہیں، عوام اور میڈیا سے درخواست ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔

مریم اورنگزیب نے اپیل کی کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں ہے لہذا افواہیں پھیلانے سے اجتناب کریں۔