توانائی بحران، بازار رات ساڑھے 8بجے بند کرنے پر اتفاق

اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کے اجلاس میں صوبوں نے ملک میں توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے  بازار رات ساڑھے آٹھ بجے بند کرنے پر اصولی اتفاق کیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت این ای سی کے اجلاس میں اہم مشاورت مکمل کرلی گئی جس میں تمام وزرا اعلی نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ملک گیر اقدامات پر وفاقی کابینہ کےفیصلوں کی تائید کی ہے۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ کے 7 جون کے اجلاس میں توانائی کی بچت کے حوالے سے تجاویز اور فیصلوں سے متعلق صوبائی وزرا اعلی کو آگاہ کیا گیا۔ چاروں صوبوں نے بازار اور دکانیں رات ساڑھے 8 بجے بند کرنے کی تجویز پر اصولی طور پر اتفاق کیا ہے۔

سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے وزرا اعلی نے دودن کی مہلت مانگی تاکہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں تجارتی وکارباری تنظیموں سے مشاورت مکمل کریں۔ علاوہ ازیں اجلاس میں صوبہ خیبرپختونخوا کی نمائندگی چیف سیکریٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کی۔

وزرا اعلی نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔