پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 276 رنز کا ہدف دے دیا

ملتان: پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 276 رنز کا ہدف دے دیا۔ ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 275 رنز بنائے، بابر اعظم 77 اور امام الحق 72 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ خوشدل شاہ اور شاداب خان 22، 22 رنز، فخرزمان 17 ، محمد رضوان 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اختتامی اوورز میں محمد وسیم 17 اور شاہین آفریدی 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ  الزاری جوزف اور اینڈرسن فلپ نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ٹاس جیت کر  بابر اعظم کا کہنا تھا پہلے میچ کی پرفارمنس سے مطمئن ہوں، پہلے میچ میں بیٹرز  اور  بولرز نے اچھا پرفارم کیا تھا۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ دوسرے میچ کے لیے ایک تبدیلی کی گئی ہے اور حسن علی کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل کھیلے گئے پہلے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی تھی۔