بابر اعظم نے محمد یوسف کا 19سالہ پُرانا ریکارڈ برابر کردیا 

ملتان: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک کے بعد ایک ریکارڈ توڑنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

 جمعے کے روز کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں انہوں نے لگاتار ففٹی پلس ون ڈے سکورز کرنے کا محمد یوسف کا 19 سالہ پُرانا  ریکارڈ برابر کردیا۔

 بابر اعظم اب لگاتار 6 ون ڈے میچز میں ففٹی پلس سکور کرکے محمد یوسف کے ہم پلے ہوگئے ہیں۔بابراعظم کے علاوہ امام الحق بھی مسلسل 6 ففٹی پلس سکورز بنا چکے ہیں۔

 ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ مسلسل ففٹی پلس سکورز بنانے کا اعزاز مایہ بلے باز جاوید میانداد کے پاس ہے جنہوں نے 1987ء  میں 9 ففٹی پلس سکورز بنائے تھے۔

 اس فہرست میں سابق کپتان آصف اقبال 76-1975ء، یاسر حمید 2003ء ، سلمان بٹ 2008ء  اور حارث سہیل 18-2015ء  کے دوران 5،5 مرتبہ ففٹی پلس سکورز بناکر مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔