مائیکرو فنانس کی حد 3 لاکھ کردی، ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک

کراچی:ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک سیما کامل کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے مائیکرو فنانس کی حد ایک لاکھ سے بڑھا کر تین لاکھ کر دی ہے اور توقع ہے کہ اس کی بدولت کم آمدنی والے طبقات کی مالیاتی ضروریات کی تکمیل کی جا سکے گی۔

ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک سیما کامل نے گزشتہ روز پاکستان تخفیف غربت فنڈ(پی پی اے ایف)اورسٹی فاؤنڈیشن کے تحت زیر اہتمام منعقدہ خصوصی تقریب تقسیم ایوارڈز سے ویڈیو لنک خطاب میں کیا انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں قرضے کی سہولت حاصل کرنے والوں میں خواتین کا تناسب صرف 20فیصد ہے، جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک ایک شمولیتی مالیاتی نظام کے لیے مائیکروفنانس کے شعبے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، خصوصا ًان کاروباروں کی معاونت کے لیے جو عام طور پر نظر انداز کر دیے جاتے ہیں۔

ڈپٹی گورنر سیما کامل نے کہا کہ سٹی فاؤنڈیشن اور پی پی اے ایف کا کردارا نتہائی لائق تحسین ہے تقریب میں پاکستان کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والا 37افراد جنہوں نے چھوٹے قرضوں کی بدولت کامیابی سے اپنے کاروبار شروع کیاکو 14ویں سٹی مائیکرو فنانس ایوارڈ کا حقدار ٹھہرایا گیا۔

انہوں نے کہاکہ پی پی اے ایف اور اس کے شراکتی اداروں نے گزشتہ چند برسوں کے دوران 8.4ملین چھوٹے قرضے جار کیے تاکہ کم ترقی یافتہ علاقوں کے لوگوں کے لیے معاشی با اختیاری کو ممکن بنایا جا سکے۔