خوردنی تیل فراہمی کیئے وزیراعظم کا بڑا اقدام

ملک میں خوردنی تیل کی فراہمی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کا اہم اقدام ، وزیراعظم نے انڈونیشیا کے صدر سے رابطہ کیا جس کے بعد خوردنی تیل کے 10 بحری جہاز  آئندہ دو ہفتوں میں پاکستان پہنچیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی کیلئے بڑی پیش رفت ہوئی ہے، برادر ملک انڈونیشیا پاکستان کو پام آئل فوری فراہم کرے گا۔

30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا بحری جہاز  آج پاکستان کیلئے روانہ ہوجائے گا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی 10 جون کو انڈونیشیا کے صدر جوکو  ویدودو سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستانی وفد نے انڈونیشیا کا دورہ کیا اور انڈونیشیا کی وزارت تجارت سے مذاکرات کامیاب ہوئے۔

اچھی خبر یہ ہے کہ خوردنی تیل سے بھرے 10 بحری جہاز آئندہ دو ہفتے میں انڈونیشیا اور ملائشیا سے پاکستان پہنچیں گے۔ انڈونیشیا سے کُل ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل پاکستان کو فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر صنعت و  پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے انڈونیشیا کے ہم منصب سے معاملات طے کیے۔ پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشیا کی وزارت تجارت نے تمام متعلقہ امور کو تیزی سے نمٹایا اور 30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا بحری جہاز آج پاکستان روانہ ہو گا۔