ورلڈ بینک اور پاکستان مابین ’’ ہاؤسنگ پروجیکٹ‘‘ کیلئے ساڑھے 8 کروڑ ڈالر کا معاہدہ

عالمی بینک ہاؤسنگ فنانس پراجیکٹ کے لیے پاکستان کو ساڑھے 8 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا جس کے لیے پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کے ساتھ ساڑھے آٹھ ڈالر کے ’’پاکستان ہاؤسنگ فنانس پروجیکٹ‘‘ کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب گذشتہ روز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق عالمی بینک کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر پاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن میاں اسد حیاء الدین نے دستخط کیے جبکہ عالمی بینک کی جانب سے قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک مسٹر گیلیس جے ڈراوجلس نے فنانسنگ کے معاہدے پر دستخط کیے جبکہ پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی (پی ایم آر سی ) کے نمائندے نے پروجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کیے۔