شاہد آفریدی کی چیف سلیکٹر قومی ٹیم پر کڑی تنقید

کراچی: راشد لطیف کے بعد سابق کپتان شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کی سلیکشن پر سوالات اُٹھا تے ہوئے چیف سلیکٹر محمد وسیم کی جانب سے ون ڈے ٹیم میں محمد حارث کے انتخاب کرنے کے فیصلے کو احمقانہ قرار دیا۔

مقامی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم کی جانب سے نوجوان کرکٹر محمد حارث کے انتخاب انتہائی احمقانہ فیصلہ تھا، ان سے گزارش ہے کہ وہ ایسے اقدام سے گریز کریں۔

سابق کپتان نے چیف سلیکٹر سے سوال کیا کہ ’’آپ ایسے کھلاڑی کا انتخاب ون ڈے ٹیم کیلئے کیوں کررہے ہیں؟، جس نے محض دو ٹی20 میچز کھیلیں ہوں، پاکستان کیلئے ڈیبیو کرنا کوئی مذاق نہیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں نوجوانوں کرکٹرز کو شامل کرنے کے خلاف نہیں، لیکن انہیں ڈومیسٹک کھیل کر تجربہ حاصل کرنے دیا جائے، تاہم رضوان اور سرفراز کی موجودگی میں حارث کو کھلانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

سابق آل راؤنڈر نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ رضوان کو ون ڈے کرکٹ میں لطف اندوز ہونا چاہیئے، جیسے وہ ٹی20 میں کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ون ڈے سیریز میں ڈیبیو کیا تھا تاہم وہ دونوں اننگز میں صرف چھ رنز بناسکے تھے۔