سی این جی کی قیمت بھی بڑھا دی گئی

پشاور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سی این جی کی قیمت بھی بڑھا دی گئی۔

 سی این جی اسٹیشنز نے فی کلو قیمت میں 10 روپے اضافہ کردیا جس کے بعد خیبرپختونخوا میں سی این جی کی فی کلو قیمت 180 روپے ہوگئی۔

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنما غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ سی این جی اسٹیشنزمیں جنریٹر کے استعمال سے قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی نسبت سی این جی اب بھی بہت سستی ہے۔

حکومت کی جانب سے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جس کے بعد عوام اور شوبز ستارے بھی شہباز حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان گزشتہ رات کرتے ہوئے بتایا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 24.03 روپے اضافہ کیا جارہا ہے جب کہ ڈیزل پر 59.16 روپے، لائٹ ڈیزل آئل پر 39.16 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 39.49 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کی جانب سے حکومت پر سخت تنقید کی جارہی ہے اور سوشل میڈیا صارفین بھی میمز بنا کر حکومت پر طنز کررہے ہیں۔