پیٹرول کی قیمت مزید 65 روپے فی لیٹر بڑھائی جائیگی؟

اسلام آباد : سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرول کی قیمت مزید 65 روپے بڑھائے گی۔

 سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ حکومت کتنی تجربہ کار ہے سب نے دیکھ ہی لیا ہے، عالمی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور یہ عوام پر ڈال دیں تو ان کی حکومت کا کیا فائدہ۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ پچھلے سال جولائی میں ہم نے سیلز ٹیکس کم کیا تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ، حکومت نے اپنا پیٹ کاٹ کر 100 سے 150 ارب روپے نکالے ، ہم نے 1400ارب روپے ریونیو میں گروتھ دکھائی تھی۔

سابق وزیر خزانہ نے عوام کو خبردار کیا کہ پیٹرول کی قیمت میں یہ مزید 65 روپے بڑھائیں گے ، یہ 35روپے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی ،17فیصد سیلز ٹیکس لیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چائے کی پیالیوں سے کچھ نہیں ہوگا،حکومت کو اقدامات کرنا ہوں گے ، سوپرسائیکل کی وجہ سے مہنگائی ہے،جی ڈی پی گروتھ نیچے آئے گی۔

یاد رہے گذشتہ روز شہباز حکومت نے تیسری بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا ، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 59 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔