قرضہ پروگرام بحالی؛ آئی ایم ایف کو راضی کرنے کیلئے امریکا سے مدد طلب

میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف قرضہ پروگرام کی بحالی کیلیے امریکا سے مدد طلب کرلی ہے کیونکہ حکومت کی طرف سے اب تک کیے گئے بہت  سخت  اقدامات کے باوجود عالمی مالیاتی ادارہ ابھی تک اسٹاف لیول معاہدے پر راضی نہیں ہورہا ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز حکومت کی اقتصادی ٹیم نے پاکستان میں امریکی سفیرڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی اور اس ضمن میں ان سے مدد کی درخواست کی ۔ملاقات  میں امریکی سفیرکو آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی اور معاشی استحکام کیلیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا ہے البتہ وزارت خزانہ نے سرکاری طور پر ابھی اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

امریکی سفیر سے ملنے والی پاکستانی ٹیم میں وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیرمملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا  شامل تھیں۔

واضح رہے امریکا آئی ایم ایف میں سب سے بڑا شراکت دارملک ہے اور وہ ماضی میں بھی پاکستان کو جاری ہونے والے فنڈزپروگراموں میں اس کی مدد کرتا رہا ہے ۔اس ملاقات میں پاکستانی حکام نے  امریکی سفیر کو بتایا کہ حکومت نے ان مشکل حالات میں بھی مالیاتی استحکام کیلیے اپنی جی ڈی پی کے2.2 فیصد کے برابر اقدامات کیے ہیں ۔

پاکستان کے ایک سینئر مذاکرات کار کا کہنا ہے کہ  حکومت آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کیلیے ہرممکن کوشش کررہی ہے  اور اس نے اس ضمن میں بعض غیرمقبول فیصلے بھی کیے ہیں لیکن عالمی ادارے کی توقعات ابھی تک پوری نہیں ہو پارہیں۔

حکومت پاکستان کو امید تھی کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور بجلی کے ٹیرف میں اضافے کیلئے اقدامات کے بعد آئی ایم ایف سٹاف لیول مذاکرات پر تیار ہوجائے گا  لیکن آئی ایم ایف اب نہ صرف تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس میں دی جانے والی مراعات واپس لینے پر اصرار کررہا ہے بلکہ  اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقے سے 125ارب اضافی محصولات  وصول کیے جائیں ۔

حکومت پاکستان اب نئی تجویز پر کام کررہی ہے جس کے تحت تنخواہ دار طبقے کو دیا جانے والا 47 ارب روپے کا ریلیف واپس  لینے کے ساتھ ساتھ اس سے  18 ارب روپے اضافی ریونیووصول کیا جائے گا۔

دریں اثنا گزشتہ روز سینیٹ کمیٹی خزانہ  کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرمملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا نئے بجٹ پر آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات سلجھ رہے ہیں اور امید ہے کہ اس کے ساتھ قرضہ پروگرام کی بحالی کا معاہدہ جلد ہوجائے گا۔