یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاءکی خریداری کیلئے موبائل کوڈ سسٹم ختم،آسان متبادل لانے کا فیصلہ

یوٹیلیٹی اسٹورز سبسڈائز اشیاءکی خریداری کے لیے متعارف کرایا جانے والا موبائل او ٹی پی کوڈ سسٹم کو ختم کرنے کا فیصلہ کرکے اس کے متبادل کوئی آسان سسٹم نافذ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔

ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے ملک بھر کے اسٹورز پر حکومتی سبسڈی کے تحت آٹا ، گھی ، چینی اور دالیں فراہم کی جا رہی ہیں تاہم ان اشیاءکی خریداری کے لیے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے ایک حد مقرر کر دی گئی تھی۔

اس کے علاوہ سٹورز انتظامیہ کی جانب سے یہ سسٹم نافذ کیا گیا تھا کہ جو بندہ بھی سبسڈائز اشیاءکی خریداری یوٹیلیٹی سٹورز سے کریگا وہ پہلے اپنا آئی ڈی کارڈ رجسٹر کرائے گا اور اس کے بعد اس کے موبائل پر ایک متعلقہ صارف کے موبائل پر جائے گا جس کی تصدیق کے بعد ہی اسے سبسڈائز اشیاءفراہم کی جائیں گی تاہم اس سسٹم کے باعث یوٹیلیٹی اسٹورز پر بہت سے بزرگ اور چند ایسے لوگ جن کے پا س موبائل نہیں تھا ان کو مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب یوٹیلیٹی اسٹورز پر آئے روز آئی ڈی کارڈ اور اوٹی پی کی تصدیقی عمل کی وجہ سے ہجوم بڑھ رہاہے جس پر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے اس سسٹم کو ختم کرنے کا فیصلہ کرکے اس کے متبادل کوئی آسان سسٹم نافذ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔