کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کنٹرول نہ کیا تو ڈیفالٹ کر جائیں گے، وزیر خزانہ 

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کنٹرول نہ کیا تو ڈیفالٹ کر جائیں گے۔

 رواں سال ملکی تجارتی خسارہ تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ ہو گا، پاکستان اپنے تمام بین الاقوامی مالیاتی وعدوں کو پورا کرے گا۔

 امیر افراد پر سپر ٹیکس لگایا ہے تو اتنی پریشانی کیوں ہے؟ امیروں کو آگے آ کر قربانی دینا ہو گی۔

 اتوار کے ر وز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں وزیر خزانہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے خسارے کے چار بجٹ دئیے ہیں، رواں سال پاکستان کا تجارتی خسارہ تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ ہو گا۔

 مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ امیر افراد پر سپر ٹیکس لگایا ہے تو اتنی پریشانی کیوں ہے؟ ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا تو حکومت کو کیا کرنا چاہیے تھا؟ وزیراعظم کے بیٹوں کی فیکٹریوں پر سپر ٹیکس لگایا گیا ہے۔ 

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں نے اپنے کاروبار پر بھی بہت زیادہ ٹیکس لگایا، امیروں کو آگے آ کر قربانی دینا ہو گی۔