آئی ایم ایف سے ( ایم ای ایف پی) کاپی موصول،اسٹاف لیول معاہدہ رواں ہفتے ہی طے پانے کا امکان

پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فسکل پالیسی فریم پروگرام کی کاپی موصول ہوگئی ہے، جس کے بعد رواں ہفتے ہی  اسٹاف سطح کا معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ٹویٹ میں بتایا کہ ساتویں اور آٹھویں اقتصادی جائزہ کے لیے پاکستان کو آئی ایم ایف سے میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فسکل پالیسی فریم پروگرام کی کاپی موصول ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی تھی کہ اب عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے میمورنڈم فار اکنامک اینڈ فنانشنل پالیسیز (MEFP) پیر تک موصول ہوجائے گی۔

اس سے قبل، حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا جس میں ایک لاکھ روپے ماہانہ تک تنخواہ لینے والوں پر ٹیکس دوبارہ متعارف کرایا گیا ہے جبکہ جولائی سے پیٹرولیم پر مرحلہ وار 50 روپے فی لیٹرلیوی لگانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔