بجٹ میں تنخواہ دارطبقے پر ریلیف ختم، نئی ٹیکس شرح کی ترامیم منظور

اسلام آباد:قومی اسمبلی میں تنخواہ دار طبقے کیلئے نئی ٹیکس شرح سے متعلق ترامیم منظورکرلی گئیں۔ آئندہ مالی سال 2022-23کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ریلیف ختم کردیا گیا۔

نئی ترامیم کے تحت ماہانہ 50ہزار روپے تک تنخواہ لینے والوں پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا جائیگا، ماہانہ 50ہزار  روپے سے ایک لاکھ تک تنخواہ لینے والوں سے 2.5فیصدکی شرح سے ٹیکس عائد ہوگا۔

ماہانہ ایک سے 2لاکھ روپے تنخواہ والوں پر 15ہزار روپے فکس ٹیکس سالانہ جبکہ ایک لاکھ روپے سے اضافی رقم پر 12.5فیصدکی شرح سے ماہانہ ٹیکس عائد ہوگا۔

ماہانہ 2سے 3لاکھ روپے تنخواہ والوں پر ایک لاکھ 65ہزار سالانہ جب کہ 2لاکھ روپے سیاضافی رقم پر 20فیصد ماہانہ ٹیکس عائد ہوگا، ماہانہ 3سے 5لاکھ روپے تنخواہ لینے والوں پر 4لاکھ 5ہزار روپے سالانہ جب کہ 3لاکھ روپے سے اضافی رقم پر 25 فیصد ماہانہ ٹیکس عائد ہوگا۔

ماہانہ 5سے 10لاکھ روپے تنخواہ والوں پر10لاکھ روپے سالانہ اور 5لاکھ روپے سے اضافی رقم  پر 32.5فیصد کی شرح سے ٹیکس عائد ہوگا، ماہانہ 10لاکھ روپے سے زائد کی ماہانہ تنخواہ لینے والوں پر 29لاکھ روپیسالانہ جب کہ 10لاکھ روپے سے اضافی رقم پر 35فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔