شاہین آفریدی خیبرپختونخوا پولیس کا حصہ بن گئے

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی خیبرپختونخوا پولیس کے خیر سگالی کے سفیر بن گئے۔

خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے پشاور میں قومی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی جی پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری اور دیگر پولیس حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کے دوران شاہین آفریدی نے کہا کہ کے پی پولیس کے لیے خیرسگالی کا سفیر بننا اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی پولیس کو سلام پیش کرتا ہوں، ان کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں، میرے والد نے پولیس کی نمائندگی کی ہے اور  بھائی اب بھی پولیس میں ہیں، پولیس کی ڈیوٹی کافی مشکل ہے۔

قومی کرکٹر کا  کہنا تھا کہ تقریب میں موجود فخر زمان سمیت تمام کرکٹرز کے پی پولیس اور فورسز کے ساتھ ہیں۔