اقوام متحدہ : لیبیا سے تیل کی غیر قانونی برآمد پر پابندی میں توسیع

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لیبیا سے تیل کی غیر قانونی برآمد پر پابندی میں آئندہ سال 30اکتوبر تک توسیع کردی۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر لیبیا سے خام تیل،ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی برآمد پر پابندی میں 15 ماہ توسیع کی قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دی ۔

اس قرارداد میں فیصلہ کیا گیا کہ لیبیا کے خلاف پابندیوں کی کمیٹی کا پینل سلامتی کونسل کو آئندہ سال 15 مارچ کو اپنے کام کی ایک عبوری رپورٹ اور نتائج اور سفارشات پر مبنی حتمی رپورٹ آئندہ سال 15 ستمبر کو فراہم کرے گا۔قرارداد میں اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک سے ہتھیاروں پر پابندی، سفری پابندیوں اور اثاثے منجمد کرنے کی مکمل تعمیل کرنے پر زور دیا گیا ۔

قرارداد میں سلامتی کونسل کے رکن پر زور دیا گیا کہ وہ لیبیا تنازع میں مداخلت یا ایسے اقدامات سے گریز کریں جس تنازع میں شدت پیدا ہو ۔قرارداد میں زور دیا گیا کہ فریقین 23 اکتوبر 2020 کو ہونے والے جنگ بندی کےمعاہدے پر مکمل عمدرآمد کریں اور رکن ممالک لیبیا سے تمام غیر ملکی افواج اور کرائے کے فوجیوں کے بلاتاخیر انخلا سمیت معاہدے کے مکمل نفاذ کا احترام اور حمایت کریں۔