آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو چکا،اے ڈی بی اورورلڈ بینک سے بھی فنانسنگ ملنے والی ہے: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو چکا ہے ، بورڈ اپروول کے ساتھ ساتھ ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک اور ورلڈ بینک سے بھی فنانسنگ ملنے والی ہے ۔

جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ درآمدات میں کمی کی پالیسی کے نتیجے میں رواں ماہ امپورٹ بل میں 2.5ارب ڈالر زرمبادلہ کی بچت ہوئی ہے جبکہ جون میں 7.4ارب ڈالر کے مقابلے میں جولائی کے مہینے میں 5ارب ڈالر ہو گا ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے یوریا کھاد کی سمگلنگ روکنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں اوریوریا کی آسان اور کم قیمت پر دستیابی کے لئے 2لاکھ ٹن یوریا امپورٹ کرنے کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو چکا ہے ، بورڈ اپروول کے ساتھ ساتھ ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک اور ورلڈ بینک سے بھی فنانسنگ ملنے والی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پام آئل سستا ہونے کی وجہ سے گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ، دوسرے اور تیسرے درجے کے گھی اور تیل سستے ہو گئے ہیں ، جبکہ درجہ اول کی قیمتیں بھی جلد کم ہو جائیں گی۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عام طور پر ڈیزل 7سے 8دن کا سٹاک موجود ہوتا ہے لیکن اللہ کے فضل سے اس وقت ملک میں 60دن کا ڈیزل موجود ہونے سے آنے والے دنوں میں فیول امپورٹ بل میں کمی متوقع ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے 5 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کر لی ہے اورمزید 3 لاکھ ٹن گندم خریدنے کی منظوری دی ہے ۔ اس سلسلے میں روس سے حکومتی سطح پر گندم کی خریداری کے لئے بات چیت جاری ہے