کامن ویلتھ گیمز میں بھارتی پان فروش نے سلور میڈل جیت لیا

برمنگھم: بھارت کے سنکیت سارگر نے کامن ویلتھ گیمز میں سلور میڈل جیت لیا ہے۔

بھارت میں پان فروخت کرکے گزر بسر کرنے والے سنکیت سارگر نے بھارت کے لیے پہلا میڈل جیت لیا ہے، انہوں نے ویٹ لفٹنگ میں مجموعی طور پر 248 کلو وزن اٹھاکر یہ میڈل جیتا ہے۔

سنکیت سارگر صرف معمولی فرق سے گولڈ میڈل حاصل نہیں کرسکے تاہم سلور میڈل انہوں نے اپنے نام کیا ہے۔

ان کا تعلق ایک انتہائی غریب خاندان سے ہے جبکہ ان کے والد گاؤں سے ہجرت کرنے کے بعد پھلوں کا ٹھیلا لگایا کرتے تھے جس کے بعد پھر انہوں نے پان کی دکان کھولی اور چائے کا اسٹال بھی چلایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنکیت کا ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے والد اسپورٹس میں آنا چاہتے تھے لیکن حالات کے باعث وہ ایسا نہیں کرسکے۔

سنکیت سارگر کہتے ہیں ہماری دکان کے قریب ہی ایک ویٹ لفٹنگ جمنازیم موجود تھا جہاں میں نے اس کھیل کو سیکھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے والد ہمیشہ مجھے کہتے تھے کہ اگر زندگی میں کچھ کرنا ہے تو محنت کرنا پڑے گی ورنہ دکان پر ہی بیٹھنا پڑے گا جبکہ میرے والد ہمیشہ ہمیں اچھی زندگی دینا چاہتے تھے۔