ڈالر 200روپے سے نیچے آنے کا امکان

کراچی:انٹر بینک میں امریکی ڈالر کو ریورس گیئر لگ گیا جس کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہورہا ہے۔

دوست ممالک اور آئی ایم ایف سے رقوم آنے پر ڈالر 200سے نیچے آنے کا امکان ہے۔ 

فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر امریکی ڈالر کے سامنے روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی اور ڈالر مسلسل نیچے رہا۔

انٹربینک میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قدرمیں 11روپے 38 پیسے کی کمی ہوگئی اورانٹربینک میں ایک ڈالر 227 روپے پر آگیا۔

اسی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں تیزی سے کمی ہوئی اور روپیہ تگڑا ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 روپے سستا ہوکر 229 روپے کا ہوگیا۔

سربراہ  فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق ڈالر کی قدر تیزی سے نیچے آنے میں کچھ رکاوٹیں ہیں تاہم دوست ممالک اور آئی ایم ایف سے رقوم آنے پر ڈالر 200سے نیچے آنے کا امکان ہے۔

سربراہ فاریکس نے کہا ہے کہ ڈالرروک کر بیٹھنے والوں کو آنے والے دنوں میں نقصان ہوگا۔