آئی ایم ایف سے اظہار آمادگی کا خط موصول، قرضے کی قسط جلد متوقع

 پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے لیٹر آف انٹینٹ یعنی اظہار آمادگی کا خط موصول ہوگیا، خط پر پاکستان  دستخط کرکے واپس روانہ کرے گا، جس کے بعد آئی ایم ایف بورڈ پروگرام کی بحالی کے سلسلے میں اگلی قسط کے اجرا کی منظوری دے گا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے کی راہ میں حائل آخری رکاوٹ بھی دور ہوگئی، پاکستان کو آئی ایم ایف کی طرف سے معاہدے پر اظہار آمادگی کا خط موصول ہوگیا۔

پاکستان کی طرف سے یہ لیٹر آف انٹینٹ سائن کر کے واپس آئی ایم ایف کو بھیجا جائے گا، جس کے بعد آئی ایم ایف بورڈ پروگرام کی بحالی کے سلسلے میں اگلی قسط کے اجرا کی منظوری دے گا۔

یاد رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو ایک ارب 17کروڑ ڈالر  کی قسط ادا کرنی ہے جس کے لیے پاکستان عالمی مالیاتی فنڈ کی پیشگی شرائط بھی پوری کر چکا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام کا سلسلہ بھی جاری ہے اور امریکی ڈالر آج مزید 3 روپے 60 پیسے کم ہو کر 205 روپے 25 پیسے کا ہو گیا ہے۔