آسان موبائل اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت

 اسلام آباد:اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو آسان موبائل اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت دے دی ہے جس کے لئے تکنیکی معاونت پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی فراہم کرے گی۔

ہر موبائل فون صارف اپنے فون سے 2262پرایس ایم ایس کرکے آسان موبائل اکاؤنٹ چند لمحوں میں ازخود کھول سکے گا جس کے بعدخودکار عمل سے اکاؤنٹ کی تفصیلات بارے اس کی رہنمائی کی جائے اور اسے اپنے متعلقہ بینک اکاؤنٹ سے منسلک کرسکے گا بجلی گیس اور دیگر بل جمع کروا سکے گا۔

 اس آسان موبائل اکاؤنٹ کے ذریعے عام بنک اکاؤنٹ کی طرح رقم نکلوا اوربھجوا سکے گااسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پی ٹی اے کی تکنیکی معاونت اور یو کے ایڈ کے مالی تعاون سے آسان موبائل اکاؤنٹ کے تشہیر کے لیے سوشل، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر کروڑوں روپے کی تشہیر ی مہم بھی 12 اگست سے باضابطہ شروع کر دی ہے۔

کم آمدنی والے اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے خواتین و حضرات کو مالیاتی نظام،بنک اکاؤنٹس اور بینکنگ سروسز تک رسائی دینے کے لئے آسان موبائل اکاؤنٹ کا نظام تشکیل دیا گیا۔

یہ تلخ حقیقت ہے کہ حکمران سیاست دان اور بیوروکریسی میں موجودمتکبرانہ ذہنیت غریب عوام الناس کو اشرافیہ کے برابر بنکاری کی مالیاتی خدمات تک رسائی دینے پر آمادہ نہیں تھی لیکن ورلڈ بنک کے مالی تعاون اور فنانشل سروسز اینڈ ٹیکنالوجی ڈویژن'' پاتھ فائنڈر گروپ کی تکنیکی مدد کی وجہ سے یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا۔

آسان موبائل اکاؤنٹ کو بنکنگ سسٹم سے مربوط اور ہمآہنگ کرنے کے لئے ورچوئل ریمی ٹینس گیٹ وے(وی آر جی)نے معاشی نظام پر مبنی ایسا ڈیجیٹل سوئچ تیار کیا جو مالیاتی اداروں اور موبائل ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان مستحکم رابطے کی یقینی بناتاہے۔