ڈالر کی قیمت 185روپے تک کم ہونے کا امکان

کراچی:چیئرمین فوریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان نے ایک بار پھر ڈالر ذخیرہ کرنے والے کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک نے ایکسچینج کمپنیوں کو کیش ڈالر برآمد کرنے کی اجازت دیدی ہے جس کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت 185 روپے پر آجائیگی۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ سید اور ڈپٹی گورنر ڈاکٹر عنایت سے فوریکس ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔

 ملک بوستان نے انہیں بتایا کہ گزشتہ ماہ ڈالر کا ریٹ جب 245 روپے تک چلا گیا تھا تو ہم نے عوام سے درخواست کی تھی کہ اس وقت پاکستان کو زر مبادلہ کی اشد ضرورت ہے آپ ڈالر خریدنے کے بجائے اپنے پاس موجود کیش ڈالر اور دوسری غیرملکی کرنسی جو گھروں اور لاکروں میں پڑی ہیں ان کو فروخت کر کے پاکستانی روپے میں سرمایہ کریں کیونکہ ڈالر کا ریٹ بہت جلد 245 روپے سے کم ہوکر 185 روپے تک جاسکتا ہے۔

ملک بوستان نے کہا کہ اس وقت جو شخص ڈالر فروخت کرے گا اس کو منافع ہو گا مگر جو فروخت کرنے کے بجائے ذخیرہ کرے گا تو وہ بعد میں پچھتائے گا۔