پاکستان نے دوست ملکوں سے 4ارب ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام کرلیا، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک مرتضی سید نے گزشتہ روز معاشی تجزیہ کاروں سے ملاقات میں بتایا کہ پاکستان نے دوست ملکوں سے 4ارب ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام کرلیا ہے۔

قطر سے 2ارب ڈالر کی معاونت، متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل ہوگی،تیل کی موخر ادائیگیوں کی شکل میں سعودی عرب ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ فراہم کرے گا۔ دوست ملکوں کی معاونت کے بعد پاکستان کورواں مالی سال کے لیے درکارسرمائے کی ضرورت نہ صرف پوری ہوگئی ہے بلکہ ضرورت سے زائد 7ارب ڈالر کا بندوبست ہوگیا ہے۔

انھوں نے معاشی تجزیہ کاروں کو بتایا کہ مالی سال 2022-23کے لیے 30ارب ڈالر کی فنانسنگ کی ضرورت ہوگی۔30ارب ڈالر میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ اور قرضوں کی ادائیگی بھی شامل ہے۔4ارب ڈالر کی فنانسنگ کے انتظام کے بعد مالی سال 2022-23میں 37ارب ڈالر کی فنانسنگ دستیاب ہوگی۔