بجلی بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی وصولی روک دی گئی 

 لاہور: لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بڑا ریلیف مل گیا، عدالت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی وصولی سے روک دیا ہے، جب کہ صارفین کو فیول ایڈجسمنٹ ٹیکس نکال کر باقی بل جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

 اس حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے محمد صادق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے مقف پیش کیا کہ وفاقی حکومت نے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی، فیول ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے بجلی کے نرخوں میں مزید اضافہ ہوا۔

 درخواست گزار نے استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ بجلی میں فیول ایڈجسٹمنٹ قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں.

عدالت نے صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ ٹیکس منہا کرکے باقی بل جمع کرانے کا حکم دے دیا، جب کہ وفاقی حکومت، ایف بی آر اور لیسکو سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ 

عدالت نے تمام فریقین کو 14 ستمبر کو تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے اسی نوعیت کی تمام درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت کے لئے مقرر کرنے کی بھی ہدایت دے دی۔