جدید سہولتوں سےآراستہ ریلوے کوچزکا منصوبہ

پاکستان ریلوے کو چین سے جدید ترین 230 ریلوے کوچز کی پہلی کھیپ دسمبر میں مل جائے گی۔

پاکستان میں ریل سے سفر کرنے والے شہریوں کے لیے خوش خبری ہے کہ اب پاکستان میں بھی ترقی یافتہ ملکوں کی طرح ریلوےکا جدید ترین سفر کرنے کا وقت جلد آرہا ہے۔

 اس سلسلے میں پاکستان ریلویز کو چین میں تیار کردہ جدید اور پرآسائش 230 نئی مسافر ریلوے کوچز کی پہلی کھیپ دسمبر سے ملنا شروع ہو جائےگی۔

 موجودہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان ریلوے نے جدید ترین سہولیات سے آراستہ ان کوچز کا  آرڈر چند ماہ قبل دیا تھا،  آرام دہ اور 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کے لیے موزوں یہ کوچز چین میں تیار ہو رہی ہیں۔ 

یہ کوچز دنیا کے جدید ترین ریلوے نظام کے ہم پلہ ہیں اور تمام جدید ترین سہولتوں سے آراستہ ہیں۔

 بوگیوں پر پاکستان ریلوے کا سبز رنگ کیا گیا ہے، پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے ان کوچز کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہیں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر سعد رفیق کی کوششوں سے اس سلسلے میں کوئی نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی یا موجودہ ٹرینوں کو ہی اپ گریڈکیا جائےگا۔