سابق ٹیسٹ کرکٹر نے پاک بھارت میچ کو مضرِ صحت قرار دے دیا

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر  یاسر عرفات نے ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز میچ کو مضرِ صحت قراردیتے ہوئے کہا کہ' آج کا میچ دل کے لیے بالکل بھی اچھا نہیں تھا'۔

گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں  پاکستان نے بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دی، بھارت کی جانب سے دیے گئے 182 رنز کے ہدف کو پاکستان کرکٹ ٹیم نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا۔

دوران میچ ناصرف پاکستانی کرکٹر فخر زمان سے ناقص فیلڈنگ ہوئی بلکہ بھارت کرکٹر ارشدیپ سنگھ نے بھی آصف علی کا اہم کیچ چھوڑا جس کے باعث ان پر تنقید کی گئی۔

میچ کے ہر اوور میں کبھی لگتا مقابلہ بھارت جیتے گا تو کبھی یوں محسوس ہوتا جیسے پاکستان میچ جیت گیا۔

اسی حوالے سے  تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر یاسر عرفات نے کہا کہ آج کا میچ دل کے لیے بالکل بھی اچھا نہیں تھا، کیچز میچز جتواتے ہیں۔