ایشین باڈی بلڈنگ چمپیئن شپ میں پاکستان نے گولڈ میڈل جیت لیا

 لاہور: واپڈا کے باڈی بلڈر فدا حسین بلوچ نے کرغزستان میں ہونے والی ایشین باڈی بلڈنگ چمپیئن شپ میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت لیا، ساتھ ہی انہوں ںے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ”ایلیٹ پرو کارڈ“ بھی جیتا اور مسٹر ایشیا کا ٹائٹل حاصل کیا۔

 واپڈا کے باڈی بلڈر فدا حسین نے بھارتی حریف کو شکست دیتے ہوئے 90 کلو گرام کیٹیگری میں یہ میڈل جیتا۔

چمپیئن شپ میں پاکستان سے 10 باڈی بلڈرز 14 مختلف کیٹیگریز میں مقابلہ کر رہے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور ان کی فاؤنڈیشن نے فدا حسین بلوچ کو اس کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔

واضح رہے کہ واپڈا اسپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں کے ساتھ ملک بھر سے دو ہزار 200 سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز وابستہ ہیں۔

واپڈا کی مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر 65 ٹیمیں ہیں جن میں 36 مردوں اور 29 خواتین کی ہیں۔