بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے بعد ہمارا مورال بلند ہوا ہے : بابراعظم

کپتان قومی ٹیم بابر اعظم  نے  میڈیا سے گفتگو کے دوران ایشیا کپ کے اگلے میچز میں اپنائی جانے والی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پلان ہے کہ جس مومینٹم میں چل رہے ہیں وہی لے کر اگلے میچز پر چلیں، ایشیا کپ کے دوران یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ کوئی نا کوئی کھلاڑی پرفارمنس دے رہا ہے مختلف مین آف دی میچ آرہے ہیں،  لیفٹ رائٹ کمبی نیشن کی وجہ سے بھارت کو مشکل پیش آئی۔

بھارت کے خلاف جیت پر بات کرتے ہوئے کہ کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ کا پریشر ہوتا ہے اس پریشر کو اب کم کیا ہے، میں آؤٹ ہوتا ہوں تو محمد رضوان بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں، لیفٹ رائٹ کمبی نیشن کی وجہ سے بھارت کو مشکل پیش آئی ، ہم نے بولنگ یونٹ میں اچھا اٹیک کیا اور اچھا کم بیک کیا  ۔

بابر اعظم کے مطابق  اپنے کھلاڑیوں کو جو بھی پلان دیتا ہوں وہ بخوبی اس پر عمل درآمد کرتے ہیں، ٹیم ہونے کے ناطے ہمارے کھلاڑی اپنی ذمہ داری بھرپور طریقے سے اپنے اوپر لے رہے ہیں جبکہ میں  نے کپتان ہونے کے ناطے بہت کچھ سیکھا ہے سیکھنے کا عمل ہر وقت جاری رہتا ہے، بطور کپتان جب ذمہ داری آتی ہے تو اس کو اچھے طریقے سے نبھانا چاہیے۔

 

 وکٹ کیپر بیٹر کی انجری سے متعلق بابر اعظم کا کہنا تھا کہ  محمد رضوان انجری کے ہوتے ہوئے کھیل رہے ہیں،  پرفارمنس دے رہے ہیں ، مجھے خوشی ہوتی ہے کہ میرے پاس رضوان جیسے واریئرز ہیں۔

انھوں نے کہا کہ   محمد رضوان کی ایم آر آئی ہوئی ہے وہ اب اچھا محسوس کررہے ہیں محمد رضوان کو مانیٹر کیا جا رہا ہے اب  وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں ، ان کا سٹی اسکین کرایا جا رہا ہے تاکہ مزید جائزہ لیا جا سکے محمد رضوان ورلڈ کپ میں اسپتال رہ  کر آئے لیکن اس کا جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی جب انہوں نے کہا پاکستان کے لیے کھیلنا ہے۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ  ایشیاکپ کی ٹرافی بولنے سے نہیں جیتی جاتی کوشش کرنی پڑے گی اور  محنت کرنی پڑے گی،  ٹی ٹوئنٹی کی خوبصورتی ہے کہ کسی بھی بولر پر اٹیک ہوسکتا ہے. . لوئر آرڈر کو پرفارمنس میں تھوڑی مشکل پیش آرہی تھی لیکن اب پرفارمنس آنا شروع ہوگئی ہے۔