ایشیا کپ میں بھارتی شوہر کا فائنل میں پاکستانی اہلیہ کی ٹیم کو سپورٹ کرنے کا اعلان

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ نے دبئی میں مقیم ایک جوڑے کو بہت مقبول بنا دیا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ شوہر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کیا اور بیوی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ۔

پاکستان اور بھارت کا ایشیا کپ میں دو مرتبہ ٹاکرا ہوا اور دنوں میاں بیوی اپنی اپنی ٹیموں کی شرٹس پہن کر دبئی اسٹیڈیم آتے رہے اور سب کی توجہ کا مرکز رہے، اس دروان انہیں میڈیا کے ہر پلیٹ فارم پر بہت شہرت ملی اور ان کی ویڈیوز خاصی وائرل ہوئیں۔

عبداللہ خان کا تعلق بھارت سے ہے اور وہ دبئی میں مقیم ہیں جبکہ ان کی اہلیہ علشبہ پاکستان سے ہیں۔

عبداللہ خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ میں دبئی میں مقیم ہوں، آباؤاجداد بھارت سے ہیں، اس لیے ہمیشہ بھارت کو سپورٹ کروں گا، اہلیہ کے پاکستان کے ساتھ تعلق کی عزت کرتا ہوں اور انہیں پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنے کی آزادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے توقع نہیں تھی کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ سے باہر ہو جائے گی، افسوس ہے کہ بھارتی ٹیم فائنل نہیں کھیل رہی حالانکہ مجھے تھا کہ ہماری ٹیم پاکستان کے خلاف فائنل کھیلے گی اور ہم اپنی اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔

عبداللہ خان نے بتایا کہ ویڈیوز وائرل ہونے پر منفی کمنٹس کا سامنا نہیں کرنا پڑا، لوگوں نے اسے مثبت انداز میں لیا، لوگوں نے کہا کہ اگر ایک گھر میں بھارت اور پاکستان کے میاں بیوی پیار محبت سے رہتے ہیں تو دونوں ملکوں کو بھی رہنا چاہیے، سیاسی معاملات الگ ہیں ہمیں مل جل کر رہنا چاہیے، ہمارا سب کچھ تو ایک جیسا ہے، بولنا اور کھانا پینا بھی ایک طرح کا ہے۔

علشبہ کا کہنا ہے کہ جیسے عبداللہ ہمیشہ اپنے ملک کو سپورٹ کرتے ہیں، میں پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرتی رہوں گی، ہماری لڑائی نہیں ہوتی، بس اپنی اپنی ٹیم کی ہار جیت پر ایک دوسرے کو تنگ کرتے ہیں، اس بار بھی ایسا ہوا پہلے میچ میں عبداللہ خوش تھے تو دوسرے میچ میں پاکستان کی جیت پر میں خوش تھی تو میں نے انہیں بہت تنگ کیا۔

علشبہ نے کہا کہ عبداللہ نے ایشیا کپ کے دوران بڑے بول  بولے تھے کہ انڈیا پاکستان کو 10 اوورز میں ہرا دے گا، بڑے بول بولنے کی وجہ سے انڈیا باہر ہو گیا، مجھے عبداللہ کے لیے افسوس ہے کہ ان کی ٹیم باہر ہو گئی، اب عبداللہ کو فائنل دیکھنے کے لیے ساتھ لے جاؤں گی وہ پاکستان ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں تو شروع سے کہتی تھی کہ پاکستان جیتے گا، عبداللہ نہیں مانتے تھے، عبداللہ خان نے کہا کہ علشبہ کے کہنے پر میں اپنی ہر مصروفیت چھوڑ کر اسٹیڈیم جاؤں گا اور  پاکستان سری لنکا کا فائنل دیکھوں گا اور میں علشبہ کی ٹیم پاکستان کو سپورٹ کروں گا۔